• news

ملک و ملت کیلئے خدمات، فیصل آباد ریلوے سٹیشن چوک کا نام ’’بشیر نظامی چوک‘‘ رکھ دیا گیا

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی طرف سے تحریک پاکستان اور تحریک ختم نبوت کے مجاہد بشیر نظامی کی ملک وملت کے لئے خدمات کے اعتراف میں ریلوے سٹیشن چوک کا نام’’بشیر نظامی چوک‘‘ رکھ دیا گیا ہے جس کا باقاعدہ افتتاح ان کے صاحبزادے احمد کمال نظامی کے ہمراہ ایم پی اے حاجی خالد سعید‘ ڈی سی او نور الامین مینگل اور تحریک پاکستان کے کارکن الحاج شیخ بشیر احمد نے کیا۔اس موقع پر نظریہ پاکستان فورم کے عہدیداران میاں عبدالکریم‘ چودھری محمد اصغر و دیگر بھی موجود تھے۔اس چوک کو سرینا ہوٹل کی انتظامیہ کی طرف سے ڈویلپ کیا گیا ہے جس کی نمائندگی مینجر پبلک ریلیشنز فرح لیلی و دیگر نے کی۔ایم پی اے حاجی خالد سعید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا شہر کی سٹرکوں وچوکوں کو عظیم تاریخی شخصیات کے نام پر رکھنے کا عمل ضلعی انتظامیہ کا شاندار اقدام ہے جس سے نہ صرف قومی ہیروز اور خطہ کی تاریخی شخصیات کی نمایاں خدمات اور کارناموں کو زندہ جاوید رکھا جا سکتا ہے بلکہ شہر کے مختلف علاقوں کو ایک واضح شناخت اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی تاریخی شخصیات کی خدمات اور کارناموں سے نئی نسل کو آگاہی بھی ملتی ہے۔ انہوں نے شہر کی تاریخ وثقافت کو اُجاگر کرنے اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے سلسلے میں ڈی سی او نورالامین مینگل کی کاوشوں کو سراہا۔ نظریہ پاکستان فورم کے الحاج شیخ بشیر احمد و دیگر نے اہم اور مصروف ریلوے اسٹیشن چوک کو ’’بشیر نظامی چوک‘‘ سے موسوم کرنے کے فیصلے کی تعریف کی اور کہا روزنامہ نوائے وقت کے بانی حمید نظامی اور نظریہ پاکستان کے نقیب؍ روزنامہ نوائے وقت کے ایڈیٹر انچیف مجید نظامی کے بھائی بشیر نظامی تحریک پاکستان کے متحرک کارکن اور قائداعظم محمد علی جناح کے شیدائی تھے جو تحریک ختم نبوت میں بھی ہراول دستے کی رہنمائی میں شامل تھے جنہوں نے اپنے مشن کی تکمیل کے لئے قید وبند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔ انہوں نے کہا بشیر نظامی نے تحریک پاکستان کے دوران قائداعظم کے سپاہی کے طور پر جلسے منعقد کرکے عوامی بیداری میں اہم کردار ادا کیا جو انگریز کی قید میں بھی رہے‘جن کے نام کو یادگار بنانا انتہائی احسن اقدام ہے کیونکہ تحریک پاکستان اور تعمیر پاکستان میں نظامی خاندان کے نمایاں اور شاندار کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے شہر کی خوبصورتی اور تعمیر وترقی کے لئے ڈی سی او کی بہترین انتظامی حکمت عملی کو سراہا۔ بیورو چیف نوائے وقت احمد کمال نظامی نے ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈی سی او نور الامین مینگل شہر کے حسن کو نکھارنے ‘ ثقافتی ورثہ کو اُجاگر کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے منفرد اور شاندار انتظامی امور سرانجام دے رہے ہیں جن کی بدولت پائیدار ترقی کا اچھوتا انداز ملا ہے ۔ڈی سی او نورالامین مینگل نے کہا ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے لئے جاری اقدامات کے تحت مختلف سٹرکوں اور چوکوں کے نام خطہ کی نامور اور تاریخی شخیصات کے نام پر رکھے جا رہے ہیں تاکہ ان کی خدمات کو بہتر انداز میں خراج عقیدت پیش کرنے کے علاوہ شہریوں کو اس دھرتی کے عظیم سپوتوں کو بہتر انداز میں روشناس کرایا جا سکے۔ انہوں نے کہا  سڑکوں و چوکوں کے نام رکھنے کے لئے سلسلے میں شہریوں کی تجاویز کا بھی خیر مقدم کیا جارہا ہے۔
چوک/ نام

ای پیپر-دی نیشن