• news

اردگان کے صدر کا عہدہ سنبھالنے سے پاکستان ترکی تعلقات کو تقویت ملے گی: صدر ممنون

انقرہ (ثناء نیوز) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ طیب اردگان کے صدر کا عہدہ سنبھالنے سے پاکستان اور ترکی کے درمیان موجود ہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ یہاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ خصوصی اور سٹریٹجک تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو باہمی احترام اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔ ترکی میں آنا ایسے ہے جیسے کوئی اپنے گھر آتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون اور اقتصادی و تجارتی تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سٹریٹجک شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی۔ اس سے قبل ترکی پہنچنے پر صدر کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ کوسوو کی  صدر عطفتی جیجگا سے ملاقات میں صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان جمہوریہ کوسوو کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں ٹھوس تعاون کے ساتھ خصوصی تعلقات کا نیا باب رقم کرنے کا خواہاں ہے۔ یہ دونوں ممالک کے صدور کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر پہلی ملاقات تھی۔ دونوں صدور نے پاک کوسوو دوطرفہ تعلقات اور روابط کے مزید فروغ اور متنوع بنانے کے طریقوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ صدر ممنون حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کوسوو کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں ٹھوس تعاون کے ساتھ خصوصی تعلقات کا نیا باب کھولنے کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی خارجہ امور سرتاج عزیز نے کوسووو کے ہم منصب کے ساتھ تعمیری ملاقاتوں کا ذکر کیا۔

ای پیپر-دی نیشن