رانا شعیب کا سینکڑوں ساتھیوں کیساتھ بیان، تھانے حملہ سے میرا کوئی تعلق نہیں: ایم پی اے
کھرڑیانوالہ (نامہ نگار) 19 جولائی 2014ء کو رانا شعیب ادریس اور ان کے ساتھیوں کے خلاف تھانہ کھرڑیانوالہ پر حملہ کر کے ملزم چھڑانے اور پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے کے الزام میں درج کئے گئے دہشت گردی کے مقدمہ کی تفتیش کو مکمل کروانے کیلئے رانا شعیب اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ تھانہ کھرڑیانوالہ میں تفتیشی ٹیم ایس ایس پی انوسٹی گیشن صاحبزادہ عمر بلال ایس پی جڑانوالہ ٹائون عارف شہباز خان ڈی ایس پی سرکل کھرڑیانوالہ میاں محمد اکرم کے روبرو پیش ہوئے۔ موصوف ایم پی اے اور انکے ساتھیوں کے شامل تفتیش ہونے کے بعد تفتیش کا عمل مکمل ہو گیا۔ پی پی 55 سے تعلق رکھنے والے معززین علاقہ اور وکلا کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ رانا شعیب اور مقدمہ دہشت گردی میں ملوث انکے دیگر ساتھیوں نے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے اپنے تحریری بیان صفائی پولیس کے اعلیٰ افسران کو جمع کروائے اور زبانی بھی 19 جولائی کو پیش آنے والے واقعہ بارے اصل حقائق سے آگاہ کیا۔ معززین علاقہ کی طرف سے بھی درجنوں بیان حلفی پولیس کو دیئے گئے میڈیا سے گفتگو کرتے اس موقع پر رانا شعیب ادریس نے ایک بار دہرایا تھانہ حملہ کیس کے واقعہ سے انکا کوئی تعلق نہ ہے، انہیں بلاوجہ پولیس نے انکے مخالفین کے ایما پر دہشت گردی کے مقدمہ میں ملوث کیا ہے، وہ ایک محب وطن پاکستانی ہیں، انہیں عدالت پر مکمل بھروسہ ہے کیونکہ معاملہ اب عدالت میں ہے، دودھ کا دودھ، پانی کا پانی سب عوام کے سامنے آ جائے گا۔