ججز نظر بندی کیس: مشرف 19 ستمبر کو ہر صورت پیش ہوں ورنہ وارنٹ گرفتاری جاری کرینگے: خصوصی عدالت
اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ججز نظر بندی کیس میں ملزم پرویز مشرف کو ایک روز کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے 19ستمبر کو عدالت طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر ملزم کی عدم پیشی پر ضمانت منسوخ کر کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں گے، فاضل عدالت نے کیس کی سماعت کی تو ملزم پرویز مشرف عدالتی حکم کے باوجود پیش نہیں ہوئے، عدالت کے استفسار پر ملزم کے وکیل نے بتایا کہ پرویز مشرف آنا چاہتے ہیں انہیں مناسب سکیورٹی فراہم کی جائے، سپیشل پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے کہا کہ ملک کے حالات کافی عرصے سے خراب ہیں تو کیا ملزم ساری عمر عدالت میں پیش نہیں ہوگا، سات آٹھ ماہ قبل آئی جی اسلام آباد نے ملزم کو سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، عدم پیشی پر ملزم اور انکے دونوں ضامنوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، پولیس نے ملزم کو سکیورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے عدالت میں جواب جمع کرایا جس میں کہا گیا تھا کہ وفاقی دارالحکومت کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ملزم پرویز مشرف کو عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکتا، عدالت نے پولیس کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایک روز کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے 19ستمبر کو ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ اگر مشرف نہ آئے تو انکے وارنٹ گرفتاری جاری کرینگے۔