پاکستان اور سری لنکا کا دفاعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
کولمبو (آئی این پی) پاکستان اور سری لنکا نے دفاعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ جمعہ کو یہاں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ اور سری لنکا کے سیکرٹری دفاع گوٹایا راجا پاکسے کے درمیان یہاں ملاقات میں دونوں ملکوں نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا، ایئرچیف اور سری لنکن سیکرٹری دفاع کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے سری لنکن ہم منصب ایئر مارشل کے اے گوناتلکنے سے بھی ملاقات کی جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کی ایئر فورسز کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ ایئر چیف مارشل نے اپنے ہم منصب کو ٹیکنیکل تربیت اور پیشہ وارانہ مہارت کے شعبے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ایئر چیف مارشل نے سری لنکن فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل دایا رتنائیکے اور سری لنکن بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل جیلنتھا پریرا سے بھی ملاقاتیں کیں۔