آپریشن ضرب عضب سے دہشتگردوں کے پائوں عارضی طور پر اکھڑ گئے: امریکی جرنیل
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی عسکری قیادت نے کہا ہے کہ شمالی وزیر ستان میں پاکستان کے عسکری آپریشن ضربِ عضب سے عارضی طور پر دشمن کے پاوں اکھاڑ دیئے اور وہ افغانستان فرار ہو گئے ہیں۔ امریکہ کے میرین جنرل جوزف ڈنفورڈ اور امریکی جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل مارٹن ڈیمپسی کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں عسکری کارروائیوں پر کوئی فیصلہ کرنا تاحال قبل از وقت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بات درحقیقت اہمیت رکھتی ہے وہ یہ ہے کہ آیا مسلح افواج تینوں مرحلے مکمل کر سکتی ہیں یعنی علاقے کو خالی کروانا، اس پر کنٹرول حاصل کرنا اور اس کو آباد کرنا۔ جنرل ڈیمپسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج بدستور اس آپریشن کے پہلے مرحلے میں ہے یعنی وہ علاقے سے شدت پسندوں کا صفایا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق فوج کو اب یہ دکھانا ہو گا کہ وہ اس علاقے کو سنبھال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد پاکستان کے لیے اس علاقے میں قانون کی حکمرانی کو بحال کرنا اہم ہو گا۔