• news

عمران کیلئے پیغام لایا نہ آگے جانے کا مشورہ دیا: شیخ رشید

اسلام آباد (آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے میں حلفیہ کہتا ہوں عمران خان کو کوئی مشورہ نہیں دیا، عمران خان کے فیصلوں میں شامل نہیں ہوتا، ہاشمی صاحب روزانہ ناراض ہوکر چلے جاتے ہیں، انکی صحت کیلئے دعا ہی کرسکتا ہوں، ہاشمی صاحب جب جنرل ضیاء سے حلف لینے گئے تو میرا سوٹ پہن کر گئے تھے۔ جاوید ہاشمی کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا انکے اپنے مسئلے ہوتے ہیں گھر کی لڑائی میں مجھے خواہ مخواہ گھسیٹا جارہا ہے۔ عمران خان کے فیصلوں میں شامل بھی نہیں ہوتا صرف چار یا پانچ گھنٹوں کیلئے جاتا ہوں۔ میں حلفیہ کہتا ہوں عمران خان کو کوئی مشورہ دیا اور نہ ہی مجھے کوئی پیغامات ملے، میں پیچھے بیٹھا تھا ہاشمی اور عمران آپس میں باتیں کررہے تھے۔ جاوید ہاشمی جس پارٹی کے صدر ہیں اسی کیخلاف باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا حکمرانوں کی عقل پر ماتم کرنے کو دل کرتا ہے کورکمانڈرز کانفرنس میں جو فیصلہ ہوتا ہے اس پر عمل ہوتا ہے اور وہ چھپتا نہیں ہے۔ثناء نیوز کے مطابق شیخ رشید احمد نے کہا میری اپنی پارٹی ہے اور میں عمران خان کا ساتھ دیتا رہا ہوں، دیتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا میں عمران کیلئے کوئی پیغام نہیں لایا۔ جاوید ہاشمی کے الزام کے حوالے سے انہوں نے کہا میں ان کیلئے دعا ہی کرسکتا ہوں۔ وہ آج بڑے جمہوری بنتے پھرتے ہیں انہیں وہ وقت یاد نہیں جب وہ میرے راولپنڈی کے گھر سے شیروانی پہن کر ضیاء الحق کی کابینہ میں وزیر کا حلف اٹھانے گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن