• news

عمران اور میں دونوں بھائی ہیں، اکٹھے منزل پر پہنچیں گے، آگے بھی ساتھ چلیں گے: طاہر القادری

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ وہ اور عمران خان دونوں بھائی ہیں اور دونوں اکٹھے ہی اپنی منزل کو پہنچیں گے۔ رائیونڈ نواز شریف اور شہباز شریف کا اقتدار کی قبر بن جائیگا۔مظاہرین سے خطاب کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ریاستی جبر و بربریت کی انتہا ہوگئی ہے۔ رات بھر جس طرح پولیس نے پر امن مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنایا وہ اسے مسلسل دیکھتے رہے ہیں۔ انکی غیر موجودگی میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں سے خطاب کئے جو کہ انکے جذبات کے بھی آئینہ دار تھے اور وہی میرے خطاب سمجھے جائیں۔ انہوں نے کہا وہ اور عمران خان مشترکہ جنگ لڑرہے ہیں جسے ہمیں اکٹھے ہی جیتنا ہے اور مستقبل میں بھی ہم اکٹھے ہی رہیں گے۔ نواز شریف ، شہباز شریف اور چوہدری نثار پر قتل، اقدام قتل اور تشدد کے مزید کئی مقدمے درج ہوں گے، قانون انہیں پھانسی کے پھندے پر لٹکائے گا۔ دنیا کی کوئی طاقت انہیں بچا نہیں سکتی۔ وہ یہ بات اپنے ذہنوں سے نکال دیں کہ ہم انکے ظلم، جبر اور بربریت کے خوف سے پیچھے ہٹ جائیں گے یا واپس چلے جائیں گے۔ پنجاب پولیس نے بدمعاشوں، لٹیروں اور درندوں کے کہنے پر اپنے ہی بھائیوں اور بہنوں پر ظلم کرکے ناقابل فراموش تاریخ رقم کی ہے، دہشت گردی کے سامنے سینہ سپر ہونیوالے کارکن اپنی جگہ نہ چھوڑیں۔ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ کارکن اپنے عزم پر قائم رہیں کیونکہ انقلاب آسانی سے نہیں آتا، انقلاب میں مشکلات جتنی زیادہ ہوتی ہیں کامیابیاں اتنی ہی زیادہ ہوتی ہیں۔ بزدل اس ملک کے غریب عوام کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ آج تک انہوں نے ظلم سہے ہیں اور اب ظلم کا بدلہ لینے کیلئے نکلے ہیں۔ نواز شریف اور شہباز شریف رائیونڈ میں بیٹھے ہیں اور انہیں وہاں سے نکلنا نصیب نہیں ہوگا، اگر وہ یہاں آئے تو انہیں دبوچ لیا جائیگا۔ انہوں نے مظلوموں اور پر امن رہنے والوں کو کمزور سمجھا تھا لیکن وہ دیکھ لیں کہ یہ مظلوم کئی گھنٹوں سے امن کی طاقت سے ان کا مقابلہ کرتے رہے۔

ای پیپر-دی نیشن