ایشین گیمز کی تیاری‘ قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ متاثر ہونے کا خدشہ
لاہور (سپورٹس رپورٹر) وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں جاری سیاسی کشیدگی کے باعث ایشین گیمز کی تیاری کے لیے آج سے شروع ہونے والا تربیتی کیمپ متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ اتوار کو لاہور اور ملک کے دیگر شہروں سے کوئی پرائیویٹ ٹرانسپورٹ اسلام آباد کے لیے نہیں جا رہی تھی جس کی بنا پر پاکستان ہاکی ٹیم کے اکثر کھلاڑیوں جن کے پاس اپنی کوئی ٹرانسپورٹ نہیں تھی کے ساتھ ٹیم کے آفیشلز پہلے روز کیمپ کمانڈنٹ شہناز شیخ کو رپورٹ کرنے سے قاصر رہے۔نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ کھلاڑی نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں پہنچ جائیں گے تو انہیں کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔ ایشین گیمز میں ٹائٹل کا دفاع کرنا ضروری ہے جس کے لیے تربیتی کیمپ کے آخری مرحلے میں قومی ٹیم کو فائنل تیاری کرانی ہے جس کی وجہ سے اس کیمپ کی اہمیت زیادہ ہو گئی ہے۔میگا ایونٹ میں روانگی سے قبل پاکستان میں چار ٹیموں کے درمیان باہمی سیریز کرائی جا رہی ہے جس میں پاکستان گرین ٹیم، آرمی، نیوی اور اسلام آباد راولپنڈی کی ٹیموں کے مدمقابل ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ 4 ستمبر سے لیکر 8 ستمبر تک سیریز میں کھلاڑیوں کو میچ پریکٹس فراہم کی جائے گی۔ ہر روز دو میچ کھیلے جائیں گے ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان فائنل میچ 8 ستمبر کو کھیلا جائیگا۔ ایک سوال کے جواب میں ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ سے درخواست کی ہے کہ ایشین گیمز میں شرکت کے لیے پاکستان ٹیم کو 10 ستمبر کو کوریا بھجوا دیا جائے تاکہ کھلاڑیوں میگا ایونٹ سے پہلے وہاں پہنچنے والی بنگلہ دیش، جاپان اور کوریا کی ٹیموں کے خلاف پریکٹس میچز کھیل سکے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ان ممالک کو خط لکھ دیا ہے کہ ایشین گیمز سے قبل اگر ان کی ٹیمیں پاکستان ٹیم کے ساتھ پریکٹس میچز کھیلنا چاہتی ہیں تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔ امید ہے کہ اگلے چند روز تک اس کا کوئی مثبت جواب مل جائے گا۔