امریکہ سے یورپ آنیوالی فلائٹ میںنشست پر جھگڑا، پرواز کا رخ موڑنا پڑا
واشنگٹن (بی بی سی)امریکہ سے یورپ آنے والی ایک جہاز کے اندر فضا ہی میں مسافروں کے درمیان نشست کے مسئلے پر جھگڑے کے بعد اس کا رخ موڑنا پڑا۔یہ ایک ہفتے کے دوران اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔بدھ کے روز امریکی شہر میامی سے پیرس آنے والی امیریکن ایئرلائن کی پرواز کو اس وقت بوسٹن میں اتارنا پڑا جب ایک مرد مسافر نے اگلی نشست پر بیٹھی ہوئی ایک عورت سے جھگڑا شروع کر دیا۔
جس نے اپنی نشست کی پشت کو پیچھے کی طرف جھکا رکھا تھا۔اس جہاز میں سکیورٹی اہلکار بھی موجود تھے جنھوں نے مداخلت کر جہاز کو اتروا دیا۔پیرس سے تعلق رکھنے والے 61 سالہ ایڈمنڈ الیکساندرے کو بوسٹن میں حراست میں لے لیا گیا۔ ان پر جہاز کے عملے کے کام میں مداخلت کا الزام عائد کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق الیکساندرے اس وقت برہم ہو گئے جب ان کے آگے بیٹھی ہوئی خاتون نے اپنی نشست کی پشت بہت پیچھے جھکا لی۔ جب عملے کے ایک رکن نے الیکساندرے کو خاموش کرنے کی کوشش کی تو وہ مزید غصے میں آ گئے اور انھوں نے رکن کو بازو سے پکڑ لیا۔اتوار کو نیویارک سے ڈینور جانے والی پرواز کو بھی اسی قسم کے واقعے کے بعد شکاگو میں اتارنا پڑا تھا۔اس پرواز میں ایک عورت اور مرد مسافر کے درمیان تو تو میں میں شروع ہو گئی تھی جب پچھلی نشست پر بیٹھے ہوئے مرد نے Knee-Defender نامی ایک چیز استعمال کی جو اگلی نشست کی پشت کو جھکنے سے روک دیتی ہے۔اس پر اگلی نشست پر بیٹھی عورت اٹھ کھڑی ہوئی اور اس نے مرد کے منھ پر پانی کا گلاس پھینک دیا۔پولیس نے اس معاملے کی تفتیش کی تھی لیکن اس کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ مجرمانہ نہیں تھا۔