گورنر ہاؤس کے سامنے حکومت مخالف مشترکہ دھرنا‘ عمران‘ قادری بھائی بھائی کے نعرے
لاہور (خصوصی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف نے گورنر ہاؤس کے سامنے اور لالک چوک پر دھرنا دیا۔ مرد و خواتین کارکن تحریک انصاف کے جھنڈے اور عمران خان کے پورٹریٹ اٹھائے گو نواز گو‘ وزیراعظم عمران خان‘ کون بچائیگا پاکستان عمران خان کے نعرے لگاتے رہے۔ مظاہرین کی قیادت صدر لاہور عبدالعلیم‘ مرکزی نائب صدر سیمی بخاری‘ جنرل سیکرٹری پنجاب یاسمین راشد نے کی جبکہ شرکاء میں اسلم اقبال‘ حامد معراج‘ شعیب صدیقی‘ میاں افتخار‘ فرخ مون‘ شنیلا روت، سعدیہ سہیل‘ امین ذکی‘ عمر سیال‘ خواجہ جلال محمود‘ حامد زمان‘ حماد اظہر‘ میاں ندیم نمایاں تھے۔ مظاہرین کو جوش دلانے کیلئے نغمے گونجتے رہے تاہم خواتین نے ڈانس کرنے سے اجتناب کیا۔ ٹی وی کیمرہ مینوں کے اصرار پر بعض خواتین نے کہا ہمیں لیڈرشپ نے ڈانس کرنے سے منع کر دیا ہے۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے گورنر ہاؤس کے باہر حکومت مخالف احتجاجی دھرنے میں شرکت کی۔ پاکستان عوامی تحریک‘ پاکستان تحریک انصاف‘ مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کے مشترکہ دھرنے میں جی ایم ملک‘ وسیم افضل‘ ولایت قیصر‘ مشتاق احمد‘ شعبہ خواتین کی رہنما ریحانہ بخاری نے کارکنوں کے ہمراہ شرکت کی۔ دھرنے کے شرکا نے عمران قادری بھائی بھائی‘ میاں برادران نے لٹ پائی کے نعرے لگائے۔ این این آئی کے مطابق تحریک انصاف نے پریس کلب کے باہر احتجاج کا پروگرام منسوخ کر کے گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جبکہ شالیمار چوک میں بھی مظاہرہ کیا گیا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہو کر رہ گیا اور گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں نے بارش کے باوجود شیخوپورہ کے چوک یادگار پارک میں چیئرمین عمران خان اور ریڈ زون میںدھرنا دینے والے کارکنوں سے اظہار یکجہتی کی خاطر ضلعی صدر کنور عمران سعید کی قیادت میں دھرنا دیا جس میں تحریک انصاف کے رہنمائوں انیس ریاست ورک،رانا عبدالسمیع خان، چوہدری شہزاد ورک، شفقت علی جٹ کجر، شیخ زین ندیم، اقبال گوپے رائ، فیض الرسول گجر، الحاج قیصر ذوالفقار بھٹی، میاں محمد شفیق اشرفی، معراج خالد گجر، حافظ مدثر مصطفی، دائود گل، آصف گلزار بھٹی، انعام الحق چوہدری، شاہد سعید بلوچ، ملک خادم حسین، مرزا اشرف بیگ و دیگر نے شرکت کی۔