مظاہرین ریاستی اداروں کو نقصان پہنچا کر ملکی وقار مجروح نہ کریں: الطاف حسین
لندن/لاہور (اے پی اے) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ ملک کی موجودہ گھمبیر صورتحال ذاتی انا اور شخصیت کی قربانی کی متقاضی ہے۔ ملکی استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں اور پاکستان معاشی تباہی کی دلدل میں دھنستا چلا جا رہا ہے۔ جمہوریت اور جمہوری اداروں کے تقدس کو بچانے کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ مظاہرین ریاست کے اداروں کو نقصان پہنچاکر ملک کی عزت و وقار مجروح نہ کریں۔ لندن سے جاری ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ پی ٹی وی یا اسی جیسے ادارے اور ان کی عمارتیں ریاست کی علامات ہیں جن کے تقدس کا خیال رکھنا سب کا فرض ہے اور احتجاج کی آڑ میں ان پر قبضہ کرنا یا ان کو نقصان پہنچانے کے عمل کو کسی بھی صورت میں درست اور جائز قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے والی جماعتوں کے قائدین اور دیگر رہنما دھرنے میں شریک اپنے کارکنوں کو سختی سے تنبیہہ کریں کہ وہ قومی ریاستی اداروں کو کسی بھی قسم کا نقصان نہ پہنچائیں اور ان کا احترام کریں۔