ریاستی اداروں پر حملہ ملک پر وار ہے‘ قوم عمران‘ قادری سے حساب لے گی: شہباز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اسلام آباد میں پی ٹی وی کی عمارت پر عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے مظاہرین کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے توڑپھوڑ اور عملے پر تشدد کے واقعہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کرینوں، کلہاڑیوں، بلڈوروں اورڈنڈوںسے مسلح بلوائیوںکے ذریعے پی ٹی وی کی عمارت اور دیگر ریاستی اداروں پر حملہ کرنے والوں کے مذموم عزائم بے نقاب ہوچکے۔ قومی یکجہتی اور سلامتی کے ضامن ریاستی اداروں پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے اور قوم پاکستان کے ریاستی اداروں پر اس حملے کا عمران خان اور طاہر القادری سے حساب لے گی۔ انہوں نے کہا موجودہ وقت اور حالات سے پاکستان کی قسمت سے کھیلنے والے چہروں سے نقاب اٹھتے جارہے ہیں اور پوری قوم جانتی ہے احتجاج کی آڑ میں یہ عناصر ملک اور قوم کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ عمران خان اپنے سیاسی چہرے پر لگنے والا یہ داغ عمر بھر نہیں دھو سکیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہایت افسوس کا مقام ہے ان مذموم کارروائیوں کے لئے ایسے وقت کا انتخاب کیا گیا جب پاکستان کی بہادر افواج شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہی تھیں۔ میں سمجھتا ہوں اسلام آباد اور دوسرے شہروں میں امن عامہ کا مسئلہ پیدا کر کے پولیس کو انگیج کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ پولیس دہشت گردوں کے حامیوں اور سرپرستوں کے خلاف کارروائی نہ کرسکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا سرکاری عمارتوں پر حملے سے آئین اور جمہوریت کے دعویداروں کا مکروہ چہرہ قوم کے سامنے آ گیا۔ پاکستان کے استحکام اور پاکستان کی ترقی کے دشمن ملک کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ غیر آئینی طریقے سے اقتدار کی ہوس میں ملک کو روزانہ اربوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ قوم کا ہر فرد حیران ہے بلوائیوں کو پی ٹی وی کی عمارت میں داخلے کی جرأت کیسے ہوئی؟ انہوں نے کہا جمہوریت اور آئین کا نام لینے والے نام نہاد لیڈروں نے سرعام قانون کی دھجیاں اڑائیں۔ مزید براں شہبازشریف نے شدید بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کو مانیٹر کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا تمام متعلقہ انتظامی افسر فیلڈ میں موجود رہیں اور منتخب نمائندے بھی نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کو یقینی بنانے کیلئے صورتحال پر نظر رکھیں۔ شہباز شریف نے پسرور میں 7 سالہ بچی سے زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سیالکوٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔