• news

تحریک انصاف‘ عوامی تحریک کی پست پناہی نہیں کر رہے‘ ایسے تنازعات میں گھسیٹنا افسوسناک ہے: فوجی ترجمان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) فوج نے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں فوج اور آئی ایس آئی، تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی پشت پناہی کررہی ہیں۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے پیر کی شب ایک بیان جاری کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے ’’آئی ایس پی آر نے ان دعووں کی دوٹوک تردید کی ہے کہ موجودہ سیاسی تعطل کے دوران فوج یا آئی ایس آئی نے کسی بھی انداز میں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی پشت پناہی کی ہے۔ فوج ایک غیر سیاسی ادارہ ہے جس نے متعدد مواقع پر جمہوریت کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا ہے۔ فوج کو ان تنازعات میں گھسیٹنا افسوسناک امر ہے۔ فوج کا اتحاد اور ساکھ ہی اس کی طاقت ہے جسے فوج فخر کے ساتھ سربلند رکھتی ہے‘‘۔ آئی این پی کے مطابق آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے استحکام سالمیت اور اتحاد فوج کی طاقت ہے جس پر فخر ہے اور یہ فوج کا طرۂ امتیاز ہے۔ سیاسی تنازعات میں فوج کو ملوث کرنا بدقسمتی ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے پیچھے پاک فوج یا آئی ایس آئی کا ہاتھ نہیں، اس حوالے سے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن