• news

پی ٹی وی میں داخل ہونے والوں کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا جائے: شاہ محمود

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے کسی کے کہنے پر کوئی اقدام نہیں کیا۔ حکمران اپنے سائے سے گھبرا رہے ہیں۔ پارلیمنٹ پر دھاوا بولنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ پارلیمنٹ اور وزیراعظم ہاؤس ہمارے لئے مقدس ہیں، ہمیں گلو بٹ ٹریننگ نہیں دی گئی جہاں مٹی ڈالنی ہو وہاں کمشن بنا دیئے جاتے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ آج حکومت کی طرف سے مذاکرات کا کوئی پیغام نہیں ملا۔ کارکنوں سے حلف لیا تھا کہ کسی سرکاری عمارت میں داخل نہیں ہونا سرکاری عمارت میں داخل ہونے والے لوگ ہمارے نہیں تھے۔ پی ٹی وی میں داخل ہونے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا جائے۔ اسلام آباد میں خون کی ہولی کھیلی گئی تو پاکستان بدنام ہو گا۔ وزیراعظم کا بیان سیاسی پوائنٹ سکورنگ ہے۔ ملکی مفاد کیلئے نوازشریف مستعفی ہوں تو آسانی ہو گی۔ اصل جمہوریت اور شفاف انتخابات چاہتے ہیں جو پارلیمنٹ کی حدود میں داخل ہوئے ہیں انہیں فوری باہر نکلنا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن