• news

عمران فرعونیت کی انتہا پر ہیں، ارکان اسمبلی: احاطے میں مظاہرین کی موجودگی پارلیمنٹ کی توہین ہے: سپیکر

اسلام آباد (وقائع نگار) ریڈ زون میں جاری دھرنوں کو نادیدہ قوتوں کی حمایت حاصل ہے، ایوان کے تین ممبران نے پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کیا ہے، پارلیمنٹ کے خلاف ساز ش میں مصروف ہوتے ہوئے بھی شیخ رشید اس ایوان سے مستعفی نہیں ہو رہے، سرکاری ٹیلی ویژن پر دھاوا بولنا اور حملہ کرنا افسوسناک اقدام ہے جس نے دونوں جماعتوں کی قیادت کو بے نقاب کردیا ہے۔ پارلیمنٹ کے احاطے پر قبضے سے ایوان کا تقدس پامال ہوا۔ ارکان چور راستوں سے ایوان میں آنے پر مجبور ہیں۔ عمران خان خودہی مدعی ، خودہی منصف ہیں وہ فرعونیت اور لاقانیت کی انتہاء پر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کی رکن آسیہ ناصر، شیخ روحیل اصغر، سردار اویس لغاری اور دیگر نے قومی اسمبلی میں اسلام آباد میں جاری احتجاج سے پیدا ہونیوالی صورت حال پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے کیا ایم این اے آسیہ ناصر نے کہا گزشتہ اٹھارہ دنوں سے ریڈزون میں ایک ڈرامہ چل رہا ہے۔ ہم ان قوتوں کو یہ بتانا چاہتے ہیں یہ پارلیمان ایسے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والا نہیں۔ انہوں نے پی ٹی وی پر حملے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور کہا اس حملے نے دونوں جماعتوں کے قائدین کو بے نقاب کردیا ہے، حکمران جماعت کے ایم این اے شیخ روحیل اصغر نے کہا قومی اسمبلی اور شاہراہ دستور پر جوکچھ ہورہا ہے ان کے پیچھے جو آقا چھپے ہوئے ہیں انہوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا توپھر ہم بھی بہت سے رازوں سے پردہ اٹھا دیں گے پھر انہیں بھی منہ چھپانے کی جگہ میسر نہ ہوگی۔ سردار اویس خان لغاری نے کہا پارلیمان کے صحن پر قبضہ سے ایوان کا تقدس پامال ہوا۔ عمران خان فرعونیت اور لاقانونیت کی بلندیوں پر ہے جو ہر الیکشن کے بعد دھاندلیوں کے الزامات عائد کرتا رہا ہے۔ مزید برآں احتجاجی دھرنوں، مظاہروں اور قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کے فیصلے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی ایوان زیریں کے اجلاس میں شریک ہو گئے۔ ایماین اے ناصر خٹک اور مسرت احمد زیب نے ایوان کی کارروائی میں شرکت کی جس پر حکومتی ارکان نے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ ناصر خٹک نے کہا اس وقت پاکستان ایک کینیڈین شہری کے نرغے میں ہے ایسے حالات میں جب ہمارا آئین خطرے میں ہم غیرآئینی اقدام کی تائید نہیں کر سکتے ہم جمہوریت کا ساتھ دیں گے۔ قادری منظم سازش کے تحت ملک کو تباہ کرنے آیا ہے ہم پر یہ لازم ہے ہم متحد ہو کر اس سازش کا مقابلہ کریں۔ تحریک انصاف کے باغی ایم این اے مسرت احمد زیب نے مختصر خطاب میں کہا میرے لئے آئین مقدس ہے اور اس آئین کے ساتھ میرے ملک کی بقا ہے، آئین ہے تو یہ ہے۔ ثنا نیوز کے مطابق پارلیمنٹ ہائوس میں پیدا شدہ غیرمعمولی صورت حال کے باوجود قومی اسمبلی کا اجلاس معمول کے مطابق ہوا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہائوس کے احاطے میں زبردستی مظاہرین کی موجودگی کو پارلیمنٹ کی توہین قرار دے دیا۔ سپیکر نے کہا پارلیمنٹ ہائوس پر حملہ کیا گیا ہے۔ مظاہرین کو یہاں تک نہیں آنا چاہئے تھا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے آج منگل سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا اعلان کرتے ہوئے تمام ارکان سے استفسار کیا، کیا انہیں مشترکہ اجلاس کے ایجنڈے کی کاپی مل گئی ہے تو سب نے اتفاق کیا جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔ پولیس تشدد کے خلاف صحافیوں نے پریس گیلری سے احتجاجاً واک آئوٹ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن