عمر عبداللہ محض شو بوائے سیاسی قیدیوں کے معاملے پر بھارتی ایجنسیوں کا حکم چلتا ہے : علی گیلانی
سرینگر (کے پی آئی) حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی مسرت عالم بٹ کی رہائی کے بعد بار بار گرفتاری کو ریاستی ظلم وستم قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی پر زور دیا ہے۔ انہوں نے مشتاق الاسلام، امیرِ حمزہ، محمد یوسف فلاحی، عبداللہ ناصر، عبدالحمید پری، محمد الطاف خان، اسداللہ پری، شوکت حکیم، معراج الدین نندہ، مولوی سجاد، شوکت احمد کولگام اور دیگر سیاسی قیدیوں کی مسلسل نظربندی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمر عبداللہ حکومت قیدیوں کے حوالے سے بھارت کی ہوم منسٹری اور آئی بی کی ہدایات پر من وعن عمل کرتی ہے۔ گیلانی نے کہا کہ مسرت عالم بٹ کا معاملہ نہ صرف ریاستی حکومت، بلکہ بھارت کی بڑی جمہوریہ کے دعوے کے لیے بھی ایک بڑا سوال بنا ہوا ہے اور یہاں عملاً پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کا راج قائم ہے جو مسرت عالم کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت انتقام کا نشانہ بنارہی ہیں۔ گیلانی نے کہا کہ مسرت عالم کو عدالتی احکامات کے باوجود رہائی کے ساتھ ساتھ دوبارہ گرفتار کرنے کے معاملے نے ہمارے اس موقف کو سو فیصد سچ ثابت کردکھایا ہے کہ عمر عبداللہ کی حیثیت محض ایک شو بوائے کی ہے اور وہ خفیہ ایجنسیوں کی مرضی کے بغیر کسی قیدی کو رہا کرسکتے ہیں اور نہ کسی معمولی پولیس آفیسر کا اپنی جگہ سے تبادلہ کرسکتے ہیں۔
علی گیلانی