• news

لاہور سمیت متعدد شہروں میں بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا

لاہور + گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم میں واضح تبدیلی واضح ہو گئی ہے۔ گھروں میں رات کے اوقات میں اے سی بند ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ سسٹم کے تحت جمعہ تک ملک کے میدانی علاقوں سمیت بالائی حصوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہے گی۔ موسمیات کے مطابق بدھ سے جمعہ کے دوران ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پرموسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ 24گھنٹوں کے دوران سندھ( حیدر آباد،میر پور خاص،سکھر ڈویژن)، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، ہزارہ ڈویژن  اورکشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ لاڑکانہ، کراچی ، اسلام آباد/ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان ڈویژن، خیبر پختونخواہ اور مشرقی بلوچستان میں کہیں کہیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ جبکہ اس دوران میر پور خاص، سکھر، حیدر آباد، بہاولپور، ساہیوال، گوجرانوالہ، لاہور، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ دریں اثناء گوجرانوالہ میں دوسرے روز بھی تیز بارش اور ہوائوں سے کئی فیڈر بند ہوگئے جس سے مختلف علاقوں نندی پور، اعوان چوک، کھیالی، فرید ٹائون میں بجلی کی فراہمی کئی گھنٹے بند رہی۔ رات گئے تک بجلی کی فراہمی بحال نہ ہوسکی جس سے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ شہریوں کا کہنا ہے گیپکو حکام شہریوں کی طرف سے کئے گئے فون اٹینڈ نہیں کررہے۔ نارووال اور گردونواح میں کالی گھٹائوں اور ٹھنڈی ہوائوں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔گجرات سے نامہ نگار کے مطابق ڈنگہ میں محلہ مغلپورہ میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث الیکٹرونکس اشیا سمیت لاکھوں کا سامان جل گیا۔ وزیرآباد میں موسلا دار بارش نے گلیوں، بازاروں کے نشیبی علا قوں کوزیرآب کردیا۔ کمالیہ اور گرد و نواح میں بھی دوسرے روز موسلادھار بارش کا سلسلہ تمام دن جاری رہا۔ جس سے گلی محلوں اور بازاروں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا ۔وہاڑی میں بھی دوسرے روز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا۔ تیز ہوا چلنے سے کئی درخت اور سائن بورڈ گر گئے۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ کپاس کی فصل پر بارش کے اچھے اثرات مرتب ہونگے۔ ساہیوال میں بھی پورا دن بارش ہوتی رہی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا جس پر عوام نے شدید احتجاج کیا۔سیالکوٹ میں بارش کا سلسلہ علی الصبح شروع ہوا جو پورا دن جاری رہا۔ شہر میں بارش سے موسم دوبارہ سرد ہوگیا جبکہ دریائے چناب اور برساتی نالوں میں بھی پانی کی مقدار میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن