پارلیمانی جرگہ کی کوششیں خوش آئند، توقع ہے مثبت نتائج نکلیں گے: وزیراعظم
اسلام آباد (آئی این پی) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اہم ملاقات کی جس میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال‘ تحریک انصاف، عوامی تحریک کے دھرنے ختم کرانے کیلئے سیاسی جرگہ کے مذاکرات کامیاببنانے اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی کارروائی سے متعلق اہم مشاورت کی گئی۔ وزیر اعظم کے چیمبر میں مولانا فضل الرحمن نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزراء اکرم خان درانی‘ عبدالغفور حیدری اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت دھرنے دینے والی دونوں جماعتوں کے تمام آئینی اور قانونی مطالبات تسلیم کرنے کیلئے تیار ہے۔ مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے۔ ان دونوں جماعتوں کو بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ پارلیمانی جرگے نے جو کوششیں شروع کی ہیں وہ خوش آئند ہیں امید ہے ان کوششوں کے مثبت نتائج نکلیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام پارلیمانی جماعتوں نے جمہوریت کے استحکام اور آئین کے تحفظ کیلئے جو اصولی مؤقف اختیار کیا ہے وہ پوری قوم کی آواز ہے۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے وزیر اعظم نواز شریف کو ایک بار پھر اپنی جماعت کی طرف سے پارلیمنٹ کے تحفظ کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں خیبر پی کے وزیر اعلیٰ کے خلاف جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتما دکا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔