عمران، شاہ محمود، شیخ رشید، طاہر القادری کو باغی، تاحیات نااہل قرار دلوانے کیلئے درخواست دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں عمران خان، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید اور طاہر القادری کو باغی اور انتخابات کے لئے تاحیات نااہل قرار دلوانے، ان کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی اور ای سی ایل میں نام ڈالنے کے لئے رٹ درخواست دائر کر دی گئی۔ بیرسٹر ظفر اللہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان، شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید نے بطور رکن پارلیمنٹ آئین سے وفاداری کا حلف اٹھایا تھا مگر تینوں نے حلف کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے اسی ادارے کو بوگس قرار دیا جس کے وہ ممبر ہیں۔ حتیٰ کہ آئین کو تسلیم کرنے سے بھی انکار کر دیا جبکہ عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکنوں نے پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر قبضہ کر رکھا ہے جو ریاست کی علامات ہیں اہم قومی عمارات پر قبضہ بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔ طاہر القادری نے دستور اور پارلیمنٹ کو ہی ماننے سے انکار کر دیا۔ ریاستی اداروں پر کھلی تنقید کی گئی۔ یہ اقدامات اور بیانات غداری کے مترادف ہیں۔