• news

پارلیمنٹ میں چور ڈاکو بیٹھے ہیں، مشترکہ اجلاس فوج، عدلیہ کے خلاف بلایا گیا: جمشید دستی

اسلام آباد (آئی این پی) آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پاک فوج اور عدلیہ کے خلاف بلایا گیا۔ موجودہ پارلیمنٹ کے ارکان کی اکثریت انگریز کے وفاداروں کی ہے اگر مارشل لاء لگا تو میرے سوا یہ تمام لوگ فوج کے پیچھے کھڑے ہوں گے۔ مجھے معلوم ہے کہ محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمن کتنے متقی ہیں، پارلیمنٹ میں چور ڈاکو بیٹھے ہیں، میرے پاس نہ تو اپنی گاڑی نہ ہی اپنا گھر ہے۔ گذشتہ سال کے دوران جمہوریت نے عوام کو کچھ نہیں دیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے انہوں نے کہا میں ایک غریب بیلدار کا بیٹا ہوں ، مجھے اس پر فخر ہے ، میں نے اپنی اسی حیثیت کو برقرار رکھا ہوا ہے میرے پاس نہ تو گاڑی ہے نہ ہی اپنا گھر سیاست میں آکر ان جاگیر داروں کو شکست دی جن کی اجازت کے بغیر ان کے علاقے میں پرندہ پر نہیں مار سکتا۔ موجودہ  صورتحال بڑی افسوسناک ہے لیکن یہ سچ ہے کہ پارلیمنٹ میں آج بھی غریب مزدور کسان کے مسائل پر کوئی بات نہیںکی جا رہی نہ ہی کسی کو بیروزگاروں کا احساس ہے۔ عوام کو اس نظام نے کچھ نہیں دیا، لوگ غربت مہنگائی بیروزگاری سے برباد ہو رہے ہیں یہاں ہمیشہ چھانگا مانگا کی سیاست ہوتی رہی ہے جو کونسلر کا الیکشن ہار گیا تھا آج وہ صوبے کا وزیر اعلیٰ ہے۔جمشید دستی نے  صدارتی نظام قائم کرنے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ تو مقدس ہے لیکن پارلیمنٹ کے اندر بیٹھے لوگ مخلص نہیں، آج بھی قربانی دینے کو تیار ہوں لیکن میری ماں نے کہا کہ بیٹا میدان خالی نہ چھوڑو، موجودہ نظام ملک کو ڈبو دیگا۔ میری خواہش ہے کہ ملک کا سب سے غریب آدمی ملک کا صدر بنے۔ پارلیمنٹ کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمن، محمود خان اچکزئی وغیرہ ملکی ایجنڈے کے تحت پاکستان کی بہادر فوج کو بدنام کررہے ہیں۔ یہی نظام چلتا رہا تو اللہ نہ کرے یہ ملک ڈوب جائے۔ لوگ گاجر مولی کی طرح کٹ رہے ہیں، مزدور اور کسان کو ذبح کیا جا رہا ہے،  پارلیمنٹ ہائوس پر غیر جمہوری لوگ قابض ہیں۔ میں رکن پارلیمنٹ ہوں مجھے استعفیٰ نہیں دینا چاہئے، یہ تحریک انصاف کا فیصلہ ہے، الیکشن کمشن کے اندر گوشواروں کو دیکھ لیں۔ میری ملکیت میں گھر ہے نہ ہی گاڑی۔ میں نے آج تک سرمایہ جمع نہیں کیا۔ ملک کو غیرتمند حکمران نہیں ملے، یہ اس ملک اور قوم کی بدقسمتی ہے، ملک کے فیصلے امریکہ میں ہوتے ہیں۔ آصف زرداری، حنا ربانی کھر امریکہ کو پسند ہیں انہیں وزیر خارجہ بنایا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن