پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی‘ سکیورٹی صورتحال بدستور تشویشناک‘ اقتصادی اصلاحات چیلنج ہے: ورلڈ اکنامک فورم
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی ہے۔ پاکستان چار درجے بہتری سے ایک سو 29ویں نمبر پر آ گیا ، ایک چوتھائی بچے سکول نہیں جاتے ،غیرمحفوظ ممالک میں پاکستان کا نمبر ایک سو 42واں ہے۔ ورلڈ اکنامک فورم نے ایک سو چوالیس ممالک کے جائزے پر مشتمل عالمی مسابقت رپورٹ جاری کر دی ہے، پاکستان کی معیشت میں ایک سال کے دوران بہتری ہوئی۔ پاکستان ایک سو 33ویں نمبر سے بہتری کے بعد ایک سو 29ویں نمبر پر آگیا۔ پاکستان کی درجہ بندی میں گزشتہ دو سال سے مسلسل کمی ہو رہی تھی۔ مہنگائی اور مالیاتی خسارے میں کمی معیشت میں بہتری کا سبب بنی۔ حکومت کیلئے اقتصادی اصلاحات بدستور چیلنج ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال ابھی بھی بدستور تشویشناک ہے۔ غیرمحفوظ ممالک میں پاکستان ایک سو 42ویں پر ہے جس کے بعد یمن اور لیبیا غیرمحفوظ ترین ممالک ہیں۔ پاکستان میں صحت اور تعلیم کی سہولیات کی صورتحال بدترین ہے۔ ایک چوتھائی بچے پاکستان میں سکول نہیں جاتے۔ شیرخوار بچوں کی اموات کے لحاظ سے ایک سو 37ویں نمبر پر ہے۔ عوامی اداروں اور کرپشن کے لحاظ سے پاکستان کا نمبر ایک سو25واں ہے۔ انفرا سٹرکچر کے لحاظ سے پاکستان ایک سو19ویں اور بجلی کی فراہمی کے لحاظ سے ایک سو 33ویں نمبر پر موجود ہے۔ بھارت اس فہرست میں 71ویں نمبر ، بنگلہ دیش 109ویں ، نیپال 102ویں نمبر پر ہے۔