میانوالی: ذکیہ شاہنواز کے بھائی کی زیرقیادت تحریک انصاف کی حمایت میں بڑی ریلی
میانوالی + عیسیٰ خیل+ مکڑوال (نامہ نگاران) صوبائی وزیر بیگم ذکیہ شاہنواز کے حقیقی بھائی سابق صوبائی وزیر عبدالرحمن خان ببلی نے مسلم لیگ ن کی حکومتوں کے خلاف اور تحریک انصاف کی حمایت میں عیسیٰ خیل سے کالاباغ تک ایک کلو میٹر طویل ریلی نکالی، سابق صوبائی وزیر عبدالرحمن ببلی کی زیرقیادت ریلی میں تحریک انصاف کے صدر ضرار نیازی، انجمن تاجران عیسیٰ خیل کے صدر پیر اقبال حسین شاہ تھے۔ سینکڑوں موٹر سائیکلوں کاروں اور گاڑیوں پر مشتمل ریلی کے شرکاء کا کا لاباغ بوہڑ بنگلہ میں زبردست استقبال کیا گیا۔ ریلی سے خطاب میں عبدالرحمن خان ببلی نے کہا مسلم لیگ ن کی حکومت پنجاب اور وفاق میں عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے مسائل میں مزید اضافہ کا باعث بن چکی ہے۔ عوام موجودہ حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں اور نجات دہندہ کیلئے دعائیں کر رہی ہیں۔ عیسیٰ خیل سے نامہ نگار کے مطابق عبدالرحمن خان نے خطاب کرتے کہا وزیراعظم اور وزیراعلی مستعفی نہ ہوئے اور آزادی مارچ کے مطالبات نہ مانے گئے تو آئندہ سوموار دوبارہ احتجاجی ریلی عیسیٰ خیل سے کالا باغ تک نکالی جائے گی۔ ریلی کلورنوالہ، کلور ترگ، مکڑوال، اللہ خیل موڑ، کمرمشانی، مندہ خیل، جلال پور، کوٹ چاندنہ سے ہوتی ہوئی بوہڑ بنگلہ کالاباغ جاکراختتام پذیر ہوئی۔ براستہ ہر جگہ جگہ جلوس کا استقبال کیا گیا اور گو نواز گو کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے بلکہ پاک فوج زندہ باد، عمران خان زندہ باد اور پی ٹی آئی زندہ باد کے نعروں سے علاقہ گونج اٹھا۔ کلوانوالہ سے سلطان محمود ملک، کلور سے ملک سعید، ترگ سے سمیع اللہ خان، مکڑوال سے سبز علی، اقبال خان، غلام بستی، مسلم خان کمرمثانی سے فتح اللہ خان، عبیداللہ خان، اللہ خیل، ساجد عباس، حاجی فواد خان، قدرت خان، ثقلین خان، حقداد خان، گل نواز، ثناء اللہ تانی خیل، کوٹ چاندنہ سے پیر محمود شاہ کی قیادت میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ انہوں نے نوازشریف کو مشورہ دیا وہ جعلی اسمبلی کے وزیراعظم ہیں لہٰذا فی الفور استعفیٰ دیں۔