آپریشن ضرب عضب: 910 دہشت گرد ہلاک‘ 114 گرفتار کئے‘ 82 جوان شہید ہوئے: آئی ایس پی آر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران اب تک 910 دہشت گردوں کو ہلاک 114 کو گرفتار کیا گیا جبکہ پاک فوج کے 82 جوان شہید، 269 زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں 27 فیکٹریاں بم ساز، ایک ایک راکٹ اور ایمونیشن فیکٹری بھی تباہ کر دی گئی۔ شہید اہلکاروں میں سے 42 کا تعلق شمالی وزیرستان، 23 کا فاٹا اور 17 کا بلوچستان اور کراچی سے ہے۔ 88 کلومیٹر سڑکیں کھجوری، میر علی، میران شاہ، دتہ خیل، بویا، دیگان اور دیگر علاقوں کو بھی دہشت گردوں سے خالی کروایا جا چکا ہے جو ان کے مضبوط ٹھکانے تصور کیے جاتے تھے۔ آپریشن کے دوران بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کا عمل بھی جاری ہے۔ بنوں، ڈیرہ اسماعل خان اور ٹانک میں 97570 خاندانوں میں 19376 ٹن راشن تقسیم کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ضرب عضب کے تناظر میں خفیہ اطلاعات پر ملک کے دیگر شہروں بھی 2274 آپریشن کئے گئے اور اس دوران 42 دہشت گرد مارے گئے اور 114 انتہائی مطلوب ملزمان پکڑے گئے۔ بنوں میں قائم فیلڈ میڈیکل ہسپتال سے بتیس ہزار سے زائد خواتین سمیت ایک لاکھ تیرہ ہزار دو سو نو مریضوں کو طبی سہولتیں فراہم کی جا چکی ہیں۔