• news

ایشین گیمز، قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں شروع

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیاسی بحران کی وجہ سے پاکستان ہاکی ٹیم کا ایشین گیمز کی تیاری کے لئے آخری مرحلے کا تربیتی کیمپ تین روز کی تاخیر سے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہو گیا۔ میگا ایونٹ کے لئے اعلان کردہ تمام کھلاڑیوں نے کیمپ میں رپورٹ کر کے تربیت حاصل کرنا شروع کر دی ہے۔  پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ نے ایشین گیمز میں شرکت کے لئے روانگی سے قبل آرمی، نیوی اور اسلام آباد راولپنڈی کی ٹیموں کے خلاف چار روزہ میچوں کی سیریز کا اہتمام کیا ہے جس میں پاکستان گرینز ٹیم ان کے مد مقابل ہوگی۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ بد قسمتی ہے کہ ایشین گیمز کی تیاری کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو کوئی انٹرنیشنل میچ مہیا نہیں کیا ہے۔ ایشین گیمز کی تیاری میں ہماری کوئی کسر باقی نہیں ہے۔ تمام کھلاڑی بھرپور پریکٹس میں حصہ لے رہے ہیں۔ ایشین گیمز کا تربیتی کیمپ 31 اگست کو لگایا جانا تھا لیکن ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کے باعث کوئی ٹرانسپورٹ اسلام آباد نہیں آ رہی تھی، کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ کوشش کر کے کیمپ میں رپورٹ کریں جس میں تین روز کی تاخیر ہو گئی ہے۔ شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ اب مزید وقت ضائع کیے بغیر کھلاڑیوں کو میچ پریکٹس کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن