امریکہ سے ایڈ نہیں ٹریڈ چاہتے ہیں: جلیل عباس جیلانی
ہیوسٹن (آن لائن) امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ’’ایڈ‘‘ کی نہیں ’’ٹریڈ‘‘ کی ضرورت ہے امریکہ اور پاکستان کے تعلقات دن بدن بہتر ین ہوتے جا رہے ہیں پاکستان کے علاقے وزیرستان میں جاری پاک فوج کے آپریشن کے سبب 700 سے 800 دہشت گردوں کو علاقے سے باہر نکال دیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے ’’ہیوسٹن میں منعقدہ ایک ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اس موقع پر کہاکہ میرے دورہ ٹیکساس کا مقصد بھی یہی ہے کہ پاکستان میں انرجی کے شعبے میں امریکی صنعتکار اور سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہاکہ گو کہ پاکستان کو یو ایس ایڈ کے ذریعے خطیر امداد فراہم کی جا رہی ہے تاہم ہم چاہتے ہیں کہ امریکی مارکیٹ کو پاکستان کیلئے مزید کھولا جائے تاکہ پاکستان میں غربت کا خاتمہ ہو سکے اور وہاں کے لوگوں میں خوشحالی آ سکے۔ اس موقع پر امریکی کانگریس کے رکن ایل گرین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حال ہی میں پاکستان کو یو ایس ایڈ نے 400 ملین ڈالرز کی امداد دی مگر اس ایڈ سے زیادہ ان کو ٹریڈ کی ضرورت ہے اور میری کوشش ہو گی کہ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کریں جبکہ امریکی مارکیٹ کو پاکستانی مصنوعات کیلئے مزید وسعت دی جائے۔