پی این ایس صدیق کی کمیشنگ سے مکران ساحل کا دفاع مستحکم ہوگا: نیول چیف
کراچی(سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کی ایوی ایشن بیس پی این ایس صدیق کی کمیشننگ کی تقریب تربت بلوچستان میں منعقد کی گئی۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ نے تقریب میںبطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تربت میں پی این ایس صدیق کی کمیشننگ پاک بحریہ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ پی این ایس صدیق کی کمیشننگ سے مکران کے ساحل اور اس سے آگے کے علاقوں کا دفاع مستحکم ہوگا۔ پی این ایس صدیق میں مہیا کی جانے والی دیگر سہولیات جیسے کہ جدید ترین ہسپتال اور تعلیمی ادارے کی بدولت معیاری سہولیات کی مقامی آبادی کی دہلیز تک رسائی ممکن ہوسکے گی ‘کمرشل فضائی سرگرمیوں کا بھی آغاز ہوگااو ر علاقے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ یہ نیول بیس مشکل حالات اور قومی سطح پر پیش آنے والی آفات سے نبرد آزما ہونے کے لئے بھی پوری طرح تیار رہے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایڈمرل آصف سندیلہ نے کہاکہ بلوچستان میں نیول ائیر بیس پی این ایس صدیق کی کمیشننگ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم حیثیت رکھتی ہے ۔