• news

جاوید ہاشمی کا استعفیٰ منظور، 60 روز میں ضمنی الیکشن کرا دینگے: الیکشن کمشن

اسلام آباد (ایجنسیاں) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی کا قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ منظور کر لیا ہے ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ این اے149 ملتان کی نشست خالی قرار دے دی گئی ہے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے دو روز قبل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خطاب کے دوران استعفیٰ دیا تھا۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف کے 34میں سے 31 مستعفی ارکان میں سے سپیکر نے جاوید ہاشمی کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے، دیگر استعفوں پر سپیکر کی جانب سے تاحال خاموشی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ مسلم لیگ ن سمیت دیگر جماعتیں جذبہ خیرسگالی کے تحت جاوید ہاشمی کے مقابلے میں امیدوار کھڑا نہیں کرینگی۔ قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے مخدوم جاوید ہاشمی کا نام اور تصویر ہٹا دی گئی ہے۔ جاوید ہاشمی 15 ماہ تک رکن قومی اسمبلی رہے اور موجودہ اسمبلی سے مستعفی ہونے والے پہلے رکن بن گئے ہیں۔ الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ جاوید ہاشمی کی خالی نشست پر ضمنی الیکشن 60 روز میں کرائیں گے، ضمنی الیکشن کا شیڈول آئندہ ہفتے جاری ہوگا۔علاوہ ازیں جاوید ہاشمی نے سیاسی مستقبل کے بارے میں قریبی دوستوں سے مشاورت شروع کردی ہے۔ ان کے قریبی حلقوں نے انہیں عوام سے رجوع کرنے کے بعد حتمی فیصلہ کرنے کی تجویز دی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن