کھرڑیانوالہ تھانہ حملہ کیس: ایم پی اے رانا شعیب ادریس ضمانت خارج ہونے پر گرفتار
فیصل آباد/ کھرڑیانوالہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) کھرڑیانوالہ تھانہ میں ساتھیوں کے ہمراہ حملہ کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی رانا شعیب ادریس کو عدالت سے ضمانت کی منسوخی کے بعد پولیس نے حراست میں لے کر پابند سلاسل کر دیا۔ ملزم کو آج انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے رانا شعیب ادریس نے درجن بھر ساتھیوں کے ہمراہ تھانہ کھرڑیانوالہ میں گھس کر پولیس کو یرغمال بنا کر حوالات میں بند قتل کے اشتہاری مجرم کو فرار کروایا تھا اور پولیس اہلکاروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی تھیں جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے رانا شعیب ادریس نے عبوری ضمانت بھی کروائی تھی۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے رانا شعیب ادریس کو حراست میں لے کر حوالات میں بندکر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے ملزم کو آج انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش بھی کیا جائے گا۔ کھرڑیانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق رانا شعیب ادریس کی عبوری ضمانت کینسل، دیگر 8 ساتھیوں کے ہمراہ دہشت گردی کی عدالت سے پولیس کھرڑیانوالہ نے گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔