• news

دھرنوں کے شرکا واپس ڈی چوک اور پریڈ ایونیو پہنچ گئے، پارلیمنٹ ہائوس کا لان بھی خالی کر دیا‘پولیس کی گاڑی پر حملہ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کے دھرنوں کے شرکاء 5 روز بعد پارلیمنٹ ہائوس کا سبزہ زار، سیکرٹریٹ چوک اور وزیراعظم ہائوس کی طرف سے جانیوالے راستے خالی کرکے واپس ڈی چوک اور پریڈ ایونیو پر پہنچ گئے ، گزشتہ ہفتے کی رات دونوں دھرنوں کے شرکاء پر وزیراعظم ہائوس کی طرف پیش قدمی کرنے پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج اور ربڑ کی گولیاں برسائی تھیں جس پر وہ مشتعل ہوکر نہ صرف پارلیمنٹ ہائوس کے احاطہ میں داخل ہوئے بلکہ پاکستان ٹیلی ویژن کی عمارت پر قبضے سمیت پاک سیکرٹریٹ چوک اور وزیراعظم ہائوس کی طرف سے جانیوالے راستوں پر بیٹھ گئے تھے۔ حکومت سیاسی جرگے اور عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی قیادت کے درمیان ہونیوالے مذاکرات کے نتیجے میں دھرنوں کے شرکاء نے 5 روز بعد پاک سیکرٹریٹ چوک، پارلیمنٹ ہائوس کے سبزہ زار اور وزیراعظم آفس کی طرف آنے والے راستے خالی کردیئے اور واپس اپنی سابقہ جگہوں، ڈی چوک اور پریڈ ایونیو پر پہنچ گئے۔ علاوہ ازیں عوامی تحریک کے کارکنوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کا سبزہ زار خالی کر دیا ہے اس دوران پاک سیکرٹریٹ کے سامنے  مظاہرین نے پولیس کی گاڑی پر حملہ کر دیا، ڈنڈے اور پتھر بھی برسائے۔ مظاہرین نے ملازمین اور عام شہریوں کو پاکستان سیکرٹریٹ میں داخل ہونے سے بھی روک دیا۔ اسلام آباد میں عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے جاری ہیں۔ پاکستان سیکرٹریٹ کے سامنے عوامی تحریک کے کارکنوں نے پولیس کی گاڑی پر اس وقت ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کر دیا جب رات کو ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو صبح تازہ دم دستوں سے تبدیل کیا جانا تھا۔ عوامی تحریک کے کارکنوں نے عام شہریوں کی گاڑیوں کو بھی سیکرٹریٹ چوک سے آگے جانے نہیں دیا۔

ای پیپر-دی نیشن