میرے خلاف جو مرضی کہہ لیں، چینی صدر کا دورہ ملتوی ہونے سے بچا لیں: خورشید شاہ کا عمران کو پیغام
اسلام آباد (جاوید صدیق) وزارت خارجہ نے چین کے صدر کے مجوزہ دورہ پاکستان کے التواء کی تصدیق کرنے سے گریز کیا۔ نوائے وقت کو وزارت خارجہ کے ذرائع نے چینی صدر کے دورہ کے التواء پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ ادھر پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح پر چینی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے صلاح مشورہ جاری ہے۔ مؤقر ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا کہ حکومت تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی قیادت سے چینی صدر کے دورہ سے قبل سیاسی اختلافات طے کرنے کے لئے تگ و دو کر رہی ہے۔ اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چینی صدر کے دورہ سے قبل حکومت اور دھرنے دینے والوں کے درمیان کوئی سمجھوتہ ہو جائے۔ دریں اثناء اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے عمران خان کو ایک پیغام بھیجا جس میں انہوں نے تحریک انصاف کے رہنما سے کہا ہے کہ وہ میرے بارے میں جو کہنا چاہتے ہیں‘ کہہ لیں لیکن چین کے صدر کے دورہ کے التواء کو سکیورٹی کی وجہ سے ملتوی ہونے سے بچا لیں۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بعض اوقات قوم کے وسیع تر مفاد میں قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔ وہ بھی ایسا کرکے قوم کے لئے قربانی دیں۔