دوستانہ میچ : ارجنٹائن نے عالمی چیمپئن جرمنی کو ہرا دیا
ڈوسلڈوف (سپورٹس ڈیسک) حالیہ عالمی کپ کے بعد بدھ کے دن جرمن قومی ٹیم پہلی مرتبہ اس شمالی امریکی ٹیم کے مد مقابل آئی۔ اس میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ ڈیل کرنے والے اینجل ڈی ماریا نے انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور جرمن کھلاڑیوں کو پریشان کر دیا۔ ڈی ماریا نے ایک گول کیا جبکہ باقی تین گول کرانے میں بھی ان کا اہم کردار رہا۔ ارجنٹائن کی طرف سے سرگئی آگیورا، ایرک لامیلا اور فریڈریکو فرنانڈز نے بھی ایک ایک گول کیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق جرمنی کی طرف سے ماریو گوٹزے اور آندرے شورلے ایک ایک گول کرنے میں کامیاب ہوئے لیکن وہ بھی ارجنٹائن کی حیرت انگیز کارکردگی کا کھل کر مقابلہ نہ کر سکے۔ تیرہ جولائی کو برازیل میں عالمی کپ فٹ بال کے فائنل میں ارجنٹائن کو صفر ایک سے شکست دینے کے بعد جرمن ٹیم پہلی مرتبہ بین الاقوامی میچ کھیلنے کی لیے میدان میں اتری تھی۔ ڈوسلڈوف میں پچاس ہزار سے زائد تماشائی اپنے قومی ہیروز کی پذیرائی کے لیے وہاں موجود تھے تاہم کھیل کے ساتھ ساتھ میچ جیتنے سے متعلق ان کی امیدیں بھی دم توڑتی گئیں۔ مایہ نازسٹار میسی نے اس میچ میں ارجںٹائن کی نمائندگی نہ کی۔اس میچ سے قبل ان تماشائیوں نے بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ اختیار کرنے والے جرمن ٹیم کے سابق کپتان فلپ لاہم، میروسلاف کلوزے اور پیئر میٹا سیکر کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ ان تینوں کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ یاد رہے کہ عالمی کپ 2014 کے فائنل میچ میں ڈی ماریا زخمی ہونے کی وجہ سے فائنل نہیں کھیل سکے تھے۔ اس میچ میں جرمنی نے شمالی امریکا کی اس ٹیم کو اضافی وقت میں صفر ایک سے مات دے کر یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔