• news

مشتاق احمد کو قومی ٹیم سے الگ کئے جانیکا امکان‘ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھیجا جائیگا

لاہور (نمائندہ سپورٹس) سابق ٹیسٹ کرکٹر لیگ سپنر مشتاق احمد جنہوں نے حال ہی میں قومی ٹیم کے کوچنگ پینل میں شمولیت اختیارکی ہے،ان کا عرصہ کوچنگ اور قومی ٹیم کے ساتھ ان کا سفر ختم ہونے کو ہے۔ ذرائع کے مطابق دورہ سری لنکا میں قومی ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد مشتاق احمد کو قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف سے الگ کیا جانے کا امکان ہے چونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے ساتھ معاہدہ کر رکھا ہے اس لئے مکمل طور پر فارغ کرنے کی بجائے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھیجا جائے گا جہاں وہ پہلے سے موجود سٹاف کے ساتھ مل کر گراس کورٹ لیول پر کھلاڑیوں کو اپنا تجربہ منتقل کریں گے۔ مشتاق احمد اس سے پہلے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔ انہیں کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف میں شامل کیا تھا تاہم موجودہ چیئرمین قومی ٹیم کے ساتھ کوچز کی بڑی تعداد کے حق میں نہیں ہیں۔ مشتاق احمد کے ساتھ ساتھ کرکٹ بورڈ میں دیگر دو دو عہدوں پر کام کرنے والے افراد کے مستقبل کے بارے میں بھی جلد فیصلہ کیا جائیگا۔ اس سلسلہ میں ٹیم کے موجودہ منیجر و چیف سلیکٹر معین خان سے بھی ایک عہدہ واپس لے لیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کے نومنتخب چیئرمین شہریار خان یہ سمجھتے ہیں کہ ہر شعبے کا مختلف کوچ رکھنا پاکستان کرکٹ کے کلچر سے مطابقت نہیں رکھتا۔ یہی وجہ ہے کہ اس شعبے میں زیادہ وسائل خرچ کرنے کے بجائے تجربہ کار اور باصلاحیت کوچز سے گراس روٹ لیول پر کام لیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن