بنگلہ دیش سمیت انٹرنیشنل ہاکی ٹیموں کا پاکستان میں کھیلنے سے انکار
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشین گیمز کے انعقاد میں بہت کم وقت رہنے کی بنا پر بنگلہ دیش سمیت کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم نے پاکستان کے ساتھ پریکٹس میچز کھیلنے سے معذرت کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بنگلہ دیش سمیت ملائیشیا، چین، کوریا اور جاپان کی ٹیموں کو ایشین گیمز سے قبل کوریا میں پریکٹس میچز کھیلنے کی درخواست کی تھی تاہم کسی بھی ملک کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو معذرت کے سوا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ تمام صورتحال میں پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ سخت پریشان ہے کہ قومی کھلاڑی تقریباً دس ماہ تک بغیر کوئی انٹرنیشنل میچ کھیلے ایشین گیمز کے میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لئے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کا کہنا تھا کہ وقت کی کمی کے باعث کسی ملک کے ساتھ انٹرنیشنل میچز کی سیریز کا اہتمام نہیں ہو سکا ہے جبکہ جن ممالک کو پی ایچ ایف نے خط لکھا ہے ان کی ٹیموں نے پہلے سے اپنی انٹرنیشنل مصروفیات کا شیڈول بنا رکھا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بنگلہ دیش اور جاپان کی ٹیموں کو کہا تھا کہ کوریا میں ہماری ٹیم کے ساتھ پریکٹس میچز کھیلنے کا پروگرام بنائے تاہم دونوں ممالک کی جانب سے پی ایچ ایف کو دونوں ممالک کی جانب سے جواب موصول ہوا ہے کہ ایشین گیمز میں شرکت کے لئے ان کی ٹیم کا شیڈول تاخیر سے ہے جس میں اتنا وقت نہیں کہ میچز کھیلے جا سکیں۔