سہ ملکی کرکٹ سیریز: جنوبی افریقہ زمبابوے کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا
ہرارے (آئی این پی) زمبابوے میں کھیلی جانے والی تین ملکی سیریز کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے میزبان زمبابوے کو63 رنز سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی ‘ میچ کی خاص بات جنوبی افریقی بیٹسمین فاف ڈوپلیسی کی سیریز میں تیسری سنچری تھی‘جنوبی افریقہ کی جانب سے جیت کیلئے دئیے گئے 272 کے تعاقب میں پوری زمبابوین ٹیم 47.2 اوورز میں 208 رنز پر پویلین لوٹ گئی‘زمبابوے کے وکٹ کیپر برینڈن ٹیلر 79 رنز بنا کر نمایاں رہے‘شاندار بیٹنگ پر فاف ڈوپلیسی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ زمبابوے نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کوپہلے بیٹنگ کا موقع دیا۔ جنوبی افریقا نے پچاس اوورز میں ڈوپلیسی کی سنچری کی بدولت 6وکٹیں گنواکر 271رنز اسکور کئے۔فاف ڈوپلیسی نے ٹرائی سیریز میں تیسری سنچری سکور کی۔120رنز پر پروٹیز ٹیم کے4 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ ڈی کوک2،ہاشم آملا 14، روسیو 36اور کپتان ڈی ویلیئرز 16رنزبناسکے۔ ڈوپلیسی اور جے پی ڈومینی نے 103رنز کی شراکت سے اسکور 223رنز تک پہنچادیا۔ ڈومینی 51رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ ڈوپلیسی نے تحمل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز کی تیسری سنچری مکمل کی اور 121رنزبناکر پویلین لوٹے۔ ڈیوڈ ملر اوروین پارنل 10,10 رنزبناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 47.2 اوورز میں 208 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ زمبابوے کی طرف سے برینڈن ٹیلر79 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے جین پال ڈومنی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔