سول نیوکلیئر معاہدے پر دستخط‘ آسٹریلیا بھارت کو یورینیم برآمد کریگا
نئی دہلی (نیٹ نیوز + نوائے وقت رپورٹ + رائٹر+ اے ایف پی) بھارت اور آسٹریلیا نے سول نیوکلیئر انرجی معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں۔ نئی دہلی کے دورے کے آخری روز آسٹریلوی وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے کہا ہے کہ وہ بھارت سے انتہائی قریبی تعلقات رکھنا چاہتے ہیں، ٹونی ایبٹ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ڈیل کو حتمی شکل دی جس کے تحت آسٹریلیا بھارت کو یورنیم برآمد کرے گا۔ ملاقات کے دوران آسٹریلوی وزیراعظم نے نریندر مودی کو آسٹریلین وول سے بنی نہرو جیکٹ پیش کی جبکہ مودی نے انہیں گیتا کی کاپی پیش کی۔ بھارت نے آسٹریلیا کے ساتھ 2012ء میں یورینیم کی درآمد کے لئے بات چیت کا آغاز کیا تھا۔ آسٹریلیا دنیا بھر میں یورینیم کی پیداوار کا حامل تیسرا ملک ہے۔ اس نے پہلے بھارت کو یورینیم کی فروخت سے انکار کر دیا تھا وہ اس لئے کہ بھارت نے ابھی تک این پی ٹی پر دستخط نہیں کئے۔ اس وقت پاکستان، بھارت، اسرائیل اور شمالی کوریا نے این پی ٹی پر دستخط نہیں کئے۔
آسٹریلیا/ بھارت