پاکستانی سالانہ 300 ارب روپے خیرات دیتے ہیں، دنیا میں سرفہرست
اسلام آباد (اے پی اے) 5 ستمبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم خیرات منایا گیا۔ پاکستان خیرات کرنیوالا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے‘ پاکستانی سالانہ 300 ارب روپے کی خیرات دیتے ہیں، برطانیہ اور امریکہ میں سب سے زیادہ خیرات مسلمان کرتے ہیں جن میں اکثریت پاکستانیوں کی ہے۔ امراء کی بے حسی اور امیر ممالک کا جنگی جنون دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے تقریباً آدھی دنیا یعنی تین ارب سے زیادہ لوگ روزانہ ڈھائی امریکی ڈالر سے کم آمدنی پر گزارہ کرتے ہیں۔ 56 کروڑ 70 لاکھ لوگوں پر مشتمل 41 مقروض ممالک کی مجموعی جی ڈی پی دنیا کے 7 امیر ترین لوگوں کی مجموعی دولت سے کم ہے۔ برطانوی خیراتی ادارے آکسفیم کی ایک دل دہلا دینے رپورٹ کے مطابق دنیا میں گزشتہ سال سو امیر ترین لوگوں نے اتنی دولت کمائی جس سے دنیا میں بسنے والے غریب ترین افراد کی چار بار غربت مٹائی جا سکتی تھی۔ یورپی ملک سوئٹزر لینڈ میں آئندہ ہفتے منعقد ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس سے پہلے آکسفیم نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا وہ اس غیر مساوی تقسیم کے مسئلے سے نمٹیں۔ تنظیم کا کہنا ہے دنیا کے معاشی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ یہ تمام انسانیت کے مفادات کے لئے کام کر سکے۔
خیرات