موجودہ صورت حال دھرنوں سے یکجا ہونیوالی حکومت‘ اپوزیشن کیلئے دھچکا
اسلام آباد (محمد فہیم انور) پارلیمنٹ کے باہر دھرنوں نے حکومت اور اپوزیشن کو ایوان کے اندر یکجا کر دیا تھا مگر موجودہ صورت حال میں اپوزیشن اور حکومت کے اس اتحاد کو شدید دھچکا لگا ہے۔ اجلاس کے بعد وفاقی وزراء سمیت جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور اے این پی کے رہنما سنیٹر زاہد خان‘ سنیٹر سید شاہی اور حاجی عدیل سب نے کہا کہ اس وقت جمہوریت اور پارلیمنٹ کو سخت خطرات لاحق ہیں۔ وزیر داخلہ چودھری نثار کو ردعمل کے طور پر پریس کانفرنس سے اجتناب کرنا چاہئے ورنہ صورت حال مزید بگڑ جائے گی۔ سیاست میں درگزر کرنے کی روایت چلی آ رہی ہے۔ دونوں رہنماؤں کو درگزر کرکے معاملے کو ختم کر دینا چاہئے۔ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے صورتحال کو مزید بگڑنے سے بچانے کیلئے وزیراعظم نوازشریف کی معذرت کو وسیع القلبی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو بھی وزیراعظم کی معذرت قبول کر لینی چاہئے۔ ملک و قوم‘ جمہوریت اور جمہوریت اداروں کی بقاء کیلئے یہی وقت کا تقاضا ہے۔