• news

سول سیکرٹریٹ کی چھتیں ٹپکنے لگیں، جناح، سروسز، گنگا رام اور میو ہسپتال میں پانی داخل

لاہور (سپیشل رپورٹر + نیوز رپورٹر) پنجاب سول سیکرٹریٹ میں چیف سیکرٹری بلاک پر کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود چیف سیکرٹری کا دفتر، ہوم سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ افسران کے دفتروں کی چھتیں ٹپکنے لگیں جس کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب اپنے دفتر کے بجائے سرکاری امور سیکرٹری آئی اینڈ سی کے دفتر میں بیٹھ کر سرانجام دیتے رہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلاک، محکمہ بلدیات، محکمہ خزانہ، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعدد محکموں میں بھی پانی گھس گیا جس سے اہم فائلیں ضائع ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ دوسری طرف سول سیکرٹریٹ میں نوٹس لگا دیا گیا ہے کہ اپنا قیمتی سامان نکال لیں۔ بعض محکموں کی چھتیں کسی وقت بھی گر سکتی ہیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے دوپہر کے وقت محکموں کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کیا۔ علاوہ ازیں شدید بارشوں کے باعث ہسپتالوں میں پانی داخل ہونے سے مریض متاثر ہونے لگے۔ سر گنگا رام ہسپتال، میوہسپتال، سروسز ہسپتال کے بیشتر حصوں میں پانی داخل ہوگیا جس سے انتظامیہ اور آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سب سے زیادہ پانی جناح ہسپتال کے تہہ خانے میں داخل ہوگیا جبکہ ہسپتال کی چھتیں جگہ جگہ سے ٹپکنے لگیں جس کے باعث ادویات بھی متاثر ہوئیں جبکہ مریضوں کو بھی مسائل کا سامنا ہے۔ جناح ہسپتال کے تہہ خانے پانی سے بھر گئے۔ گنگا رام ہسپتال کی بلڈنگز کی چھتوں سے پانی ٹپکتا رہا، ہسپتال کی چھتیں جگہ جگہ سے ٹپکنے کے باعث مریضوں کو بھی مسائل کا سامنا رہا۔

ای پیپر-دی نیشن