• news

پاکستان نے یو این معاشی و سماجی کونسل کی رکنیت کیلئے نام پیش کر دیا، انتخاب اگلے ماہ ہو گا

نیویارک (نمائندہ خصوصی) پاکستان نے باضابطہ طور پر 2015ء تا 2017ء کیلئے اقوام متحدہ کی معاشی و سماجی کونسل میں نشست کیلئے امیدوار بننے کا اعلان کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے اپنے مہمانوں کے سامنے کہا کہ اگر منتخب ہونے کی صورت میں پاکستان کا کردار نمائشی نہیں بلکہ حقیقی ہو جائے گا۔ پاکستان نے ایشیا کی نشست کیلئے اپنا نام پیش کیا ہے جس کو ابھی تک چیلنج نہیں کیا گیا۔ اگلے ماہ ہونے والے الیکشن میں جیتنے کیلئے پاکستان کو 193 ارکان میں سے دو تہائی کے ووٹوں کی ضرورت ہو گی۔ معاشی و سماجی کونسل کے 54 ارکان میں سے 18 ہر سال ریٹائر ہوتے ہیں۔ 14 نشستیں افریقہ، 11 ایشیا، 6 مشرقی یورپ، 10 لاطینی امریکہ اور 13 مغربی یورپ کیلئے مخصوص کی گئی ہیں۔ لگاتار 3 مرتبہ منتخب ہونے کے بعد دسمبر 2013ء میں اپنی مدت ختم ہونے کے بعد پاکستان ایک سال وقفے کے بعد الیکشن میں حصہ لے رہا ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ پاکستان نے اس کونسل میں اصلاحات کیلئے فعال کردار ادا کیا ہے اور اسے مزید موثر بنانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

ای پیپر-دی نیشن