طوفانی بارشیں ہمارے، حکمرانوں کے اعمال کا نتیجہ ہے، توبہ کرنی چاہئے: مذہبی رہنما
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مذہبی رہنماؤں نے ملک میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونیوالے جانی و مالی نقصانات پر گہرے افسوس اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ یہ ہمارے، خصوصاً حکمرانوں کے اعمال کا نتیجہ اور اللہ تعالیٰ کی شدید ناراضی کا اظہار ہے، ہمیں بحیثیت قوم توبہ و استغفارکرنا چاہئے، ہم نے اپنی اصلاح نہ کی تو اسی طرح اللہ کے غضب کا نشانہ بنتے رہیں گے۔ انہوں نے شدید بارشوں کی وجہ سے خیبر پختونخوا، پنجاب اور آزاد کشمیر میں ایک سو سے زائد ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رفاہی تنظیموں اور فلاحی اداروں سے اپیل کی وہ فوری طور پر بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیں اور حکومت اور انتظامیہ کو بھی مزید وقت ضائع کئے بغیر عوام کو سیلاب سے بچانے کیلئے مؤثر اقدامات شروع کر دینے چاہئیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا بھارت نے بغیر اطلاع دئے ستلج ، راوی اور چناب میں لاکھوں کیوسک پانی چھوڑ کر پاکستان کے سینکڑوں دیہاتوں کو سیلاب سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے نکلنے کیلئے حکومت کو فوری طور پر ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کیلئے چھوٹے بڑے ڈیم بنانا پڑیں گے۔ دریں ا ثناء جماعۃالدعوۃ کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا شدید بارشوں و سیلاب سے لاکھوں پاکستانی سخت مشکلات سے دوچار ہیں‘ قوم اللہ کے حضور سربسجود ہو جائے اور متاثرین کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں کارکنوں و ذمہ داران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر لوگوں کا سامان محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور متاثرین میں پکی پکائی خوراک تقسیم کریں۔ شدید بارشیں و سیلاب اللہ کی ناراضی کا نتیجہ ہیں۔ حکمران و عوام اللہ تعالیٰ سے گناہوں کی معافی مانگیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی طرف سے بھی دریائوں میں بہت زیادہ پانی چھوڑنے کی اطلاعات ہیں جس سے شدید سیلاب کی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعۃالدعوۃ کے ذمہ داران بارشوں و سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں جے یو آئی کے رہنما مولانا امجد خان کے مطابق پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمن نے سیلاب و بارش کی تباہ کاریوں اور ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور حکومت پر زور دیا کہ متاثرین کی بحالی کے لئے فوری اورہنگامی بنیادوں پراقدامات کرے۔ اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بحیثیت مسلمان سب کو اپنے اللہ سے رجوع کرنا چاہئے اور کثرت سے توبہ و استعفار کرنا چاہئے۔