• news

زرداری کا 30 آئی ڈی پیز بچوں کی کفالت کا اعلان نثار تنازعہ پر آج پارٹی اجلاس بلا لیا، امریکی سفیر سے بھی ملے

اسلام آباد(آن لائن + سپیشل رپورٹ) سابق صدر آصف زرداری سے پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دھرنوں سے پیدا صورتحال کے علاوہ پارلیمنٹ کے جاری مشترکہ اجلاس، پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی سمیت سکیورٹی صورتحال اور دیگر دوطرفہ دلچسپی کے باہمی و علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر صدر آصف زرداری نے پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے امریکی حمایت کو سراہا۔ علاوہ ازیں اعتزاز احسن اور وزیر داخلہ نثار علی خان کے درمیان جاری تنازعہ پر غور کے لئے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پارٹی رہنمائوں کا ایک اجلاس آج ہفتہ کے روز زرداری ہائوس میں طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور حکومت کے ساتھ تعلقات سمیت امور زیر غور آئیں گے۔ دریں اثناء سابق صدر نے آئی ڈی پیز بچوں سے ملاقات کی اور کفالت کی ذمہ داری لے لی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے آئی ڈی پیز کے 30 بچوں کی کفالت کی ذمہ داری اٹھائی اور کہا کہ وہ ان بچوں کی کفالت میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن