لاہور: پولی ٹیکنیک کالج کے کلرک اور چوکیدار کا گلے کاٹ کر قتل‘ ایک لاکھ روپے غائب
لاہور (سٹاف رپورٹر + نامہ نگار) لاہور کے علاقے نولکھا میں نامعلوم افراد نے پولی ٹیکنیک کالج کے کلرک اور چوکیدار کے گلے کاٹ کر قتل کر دیا۔ شبہ ہے دونوں کو ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ گورنمنٹ پولی ٹیکنیک کالج میں جہلم کا رہائشی کلرک عمران اور صوابی کا رہائشی چوکیدار رمضان رات گئے تک کالج میں موجود رہے۔ صبح جب کالج کا دیگر عملہ کالج آیا تو دونوں کی گلے کٹی خون میں لت پت نعشیں وہاں پڑی تھیں اور نامعلوم قاتل فرار ہوچکے تھے۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دیں۔ پولیس نے کالج میں موجود سی سی ٹی وی فوٹیج قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں افراد کو قتل کرنے والے ڈاکو تھے جنہوں نے مزاحمت پر یہ کارروائی کی اور کلرک عمران کے پاس موجود کالج کے ایک لاکھ روپے لوٹ کر لے گئے۔ تاہم ملزموں کا سراغ لگایا جارہا ہے۔ دریں اثناء صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے 13 بڑی وارداتوں کے دوران شہریوں کو 43 لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور دیگر سامان سے محروم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے شالیمار کے علاقے فضل الٰہی پارک میں ارشد نذیر کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا، 18 لاکھ کی نقدی، زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے فیروزپور روڈ پر کیمپ جیل کے قریب شہزاد علی اور اس کے دوستوں قیصر اور ندیم سے4 لاکھ روپے، کیمرے اور دیگرسامان ، گلبرگ سینٹر پوائنٹ پر ذوالفقار علی سے2 لاکھ روپے اور موبائل فون ، نشتر کالونی سبزی منڈی روڈ میں اسلم سے سوا لاکھ، مالیت لیاقت آباد میں اتفاق آٹو سے 1 لاکھ روپے اور موبائل فون، اقبال ٹائون جہانزیب بلاک میں بلاول طارق سے 90 ہزار روپے اور موٹرسائیکل،ساندہ مین روڈ بھاتیاں چوک میںحاجی اعظم کی دکان سے 81 ہزار روپے اور موبائل فون، فیکٹری ایریا میں محسن سے 75 ہزارروپے اور موٹرسائیکل، مصطفی ٹائون ڈبل سڑکاں پر امجد الٰہی سے 17 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے لیاقت آباد حنیف صدیق سٹریٹ کے رہائشی ساجد کے گھر کے تالے توڑ کر5 لاکھ روپے مالیت، غازی آباد حنیف پارک کے رہا ئشی رنگین شاہ کے گھر سے 4 لاکھ روپے مالیت، کا ہنہ خالد ٹاؤن کے رہائشی ارشد کے گھر سے3لاکھ روپے مالیت ،سبزہ زار جی بلاک ملتان روڈ پر واقع راحیل کی دکان سے 2 لاکھ روپے مالیت، برکی میں موضع مہر ٹائون میں واقع منور حسین کی دکان سے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کی نقدی و سامان چوری کر لیا۔