• news

دھرنے والوں کا ایجنڈا ملک دشمنی پر مبنی ہے ملک محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا: سمیع الحق

لاہور (آئی این پی) جمعیت علماء اسلام (س)  کے سربراہ  مولانا سمیع الحق  نے کہا ہے کہ احتجاجی دھرنے والوں  کا ایجنڈا ملک دشمنی  پر مبنی نظر آتا ہے۔  پاکستان کسی سیاسی  محاذ آرائی اور ٹکرائو کا متحمل نہیں ہو سکتا اس لئے  احتجاج کرنے والوں کو  اپنی پالیسی  پر نظرثانی  کرنا ہو گی۔  چینی صدر  کے دورے کی منسوخی  کی وجہ بھی طاہر القادری  جیسے لوگ ہیں۔  گزشتہ روز مرکزی  سیکرٹری اطلاعات مولانا  عاصم  مخدوم  سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق  نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ  بہت سی  اندرونی اور بیرونی قوتیں  پاکستان کو عدم  استحکام کا شکار کرنے اور پاکستان میں ترقی و خوشحالی  کی بجائے فساد  اور بربادی  دیکھنا چاہتی ہیں اور بدقسمتی  سے وفاقی دارالحکومت  میں احتجاجی دھرنے والے  بھی ایسی قوتوں کے مشن کو ہی آگے بڑھا رہے ہیں  اور ایسے لوگوں کی وجہ سے ہی چینی صدر کا انتہائی  اہم دورہ پاکستان بھی منسوخ ہو چکا جو ملک اور قوم کے مفاد میں نہیں۔ انہوں  نے کہا کہ احتجاجی دھرنے والوں کو چاہئے  کہ وہ  ملک اور قوم  پر رحم کریں اور احتجاج کی سیاست کو ختم کرکے بات چیت سے مسائل حل کریں۔

ای پیپر-دی نیشن