پاک فوج کا دشمنوں کیخلاف ہر وقت تیار رہنا بہترین ملکی دفاع ہے: آرمی چیف
ملتان (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ فوج کی ہروقت تیار رہنے کی صلاحیت دشمنوں کے خلاف پاکستان کا بہترین دفاع ہے، اندرونی خطرات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری بھی فوج کا طرہ امتیاز ہے۔ وہ جمعہ کو یہاں کور ہیڈکوارٹرز ملتان کے دورے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہیں کور کے انتظامی آپریشنل اور تربیتی امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے کوآپریشن، آرمڈ آرٹیلری کے جزو پر مشتمل انفنٹری ایئرڈیفنس اور لائٹ کمانڈو بٹالین کے حوالے سے آرمڈ کی تشکیل کا اور فیلڈ ٹریننگ کا انعقاد بھی دیکھا۔ انہوں نے شریک فوجی جوانوں کی تربیت کے معیار کو سراہا اور بہتر اقتصادی وسائل کے ساتھ تربیت کے معیار کو بڑھانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے ملتان گیریژن میں دیگر تربیتی سہولیات کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ فوج کی بروقت تیار رہنے کی صلاحیت دشمنوں کے خلاف پاکستان کا بہترین دفاع رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرونی خطرات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری بھی فوج کا طرہ امتیاز رہا ہے۔ بعد ازاں آرمی چیف نے ملتان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا سنگ بنیاد رکھا۔ قبل ازیں کور ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل عابد پرویز نے ان کا استقبال کیا۔