چینی صدر کے جلد دورہ کیلئے آج سفیر سے ملاقات کرینگے: شاہ محمود، ہمارے احتجاج کو وجہ قرار دینا غیر دانشمندی ہے: شیریں مزاری
اسلام آباد (ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے چینی صدر کے جلد دورئہ پاکستان ممکن بنانے کیلئے آج وفد کے ساتھ چینی سفیر سے ملاقات کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین ہمارا دیرینہ دوست ہے، چینی صدر کا دورہ ملکی مفاد میں ہے۔ تحریک انصاف نے چینی صدر کے دورہِ پاکستان کے حوالے سے حکومتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے تحریک انصاف کے پرامن احتجاج سے جوڑنے کی حکومتی کوششوں کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کے پرامن احتجاج کو چینی صدر کے دورہ پاکستان کی منسوخی کی وجہ قرار دینا انتہائی غیر دانشمندی ہے کیونکہ تحریک انصاف کا پرامن اور جمہوری روایات کے اندر احتجاج کبھی کسی کیلئے خطرہ نہیں رہا۔ تحریک انصاف چین کی کمیونسٹ پارٹی سے انتہائی قریبی تعلقات استوار کر چکی ہے۔