چینی صدر کا دورہ ملتوی ہونے سے پاکستانی معیشت پر اچھے اثرات مرتب نہیں ہونگے: امریکی میڈیا
نیویارک/ واشنگٹن (آئی این پی) امریکی میڈیا نے کہا ہے کہ سیاسی بحران کی وجہ سے مسائل کا شکار پاکستان اب قدرتی آفات کی زد میں آگیا، تباہ کن بارشوں نے ملک میں ایک نیا بحران پیدا کردیا ہے جس نے حکومت کی مشکلات کو حد سے زیادہ بڑھا دیا ہے، دھرنوں کی وجہ سے 547ارب کا نقصان ہوگیا، قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کو شامل کرنے سے کھربوں روپے کا نقصان ہوگا۔ امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان پہلے ہی لوڈ شیڈنگ، وار آن ٹیرر، بے روزگاری، مہنگائی اور دیگر مسائل کا شکار تھا کہ سیاسی بحران نے جلتی پر تیل کا کام کیا اور اب تباہ کن بارشوں سے ایک نیا انسانی بحران پیدا ہو گیا ہے، گویا ایک کے بعد ایک نئی آزمائش آ رہی ہے۔ اسلام آباد میں جاری دو دھرنے والوں کا موقف اور ان کی باتوں میں حقیقت اپنی جگہ لیکن دوسری جانب اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ اس کی وجہ سے دیگر اہم ترین اور عوام سے متعلقہ ایشوز پس پشت چلے گئے اور رہی سہی کسر بارشوں، سیلاب اور ان کے نتیجے میں ہونے والی جانی اور مالی تباہی نے نکال دی۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی صدر کا مجوزہ دورہ پاکستان ملتوی ہونے کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا۔ آزاد کشمیر کی حالت بھی انتہائی خراب رہی اور وہاں بھی بڑے پیمانے پر انسانی جانوں اور مال کا نقصان ہو گیا۔ اس آفت سے کس قدر مالی نقصان ہوا ہے اس کا اندازہ تو ابھی لگانا مشکل ہے تا ہم چینی صدر کے دورے کے التوا کے بھی ملکی معیشت پر اچھے اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔ سیاسی درجہ حرارت اس قدر بڑھ رہا ہے کہ جودو بڑی جماعتیں پارلیمنٹ کو بچانے کے لئے متحد تھیں اب ان میں بھی دراڑ پڑتی نظر آ رہی ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی پریس کانفرنس اور سینٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز کے رد عمل کے بعد اگرچہ لگتا ہے کہ برف پگھل رہی ہے لیکن پاکستان کا کب، کون سا رہنما کس طرح کا بیان دے دے اس کی کوئی ضمانت نہیں۔
امریکی میڈیا