وزیراعظم‘ آرمی چیف کے درمیان فاصلے کم کرانے میں ’’نادیدہ دوستوں‘‘ کا کردار
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وزیراعظم محمد نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان فاصلے کم کرنے میں ’’نادیدہ دوستوں‘‘ نے کلیدی کردار ادا کیا ہے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ’’نادیدہ قوتوں‘‘ کے دباؤ کے باوجود عمران خان کے دھرنے کی حمایت کرنے سے انکار کردیا اور وزیراعظم محمد نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا۔ذرائع کے مطابق فوج کو مداخلت کے لئے بلانے والوں کو شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو عسکری قیادت سے رابطے کا ٹاسک دیا گیا ہے جو گاہے بگاہے عسکری قیادت اور حکومت کے درمیان پائی جانے والی ممکنہ غلط فہمیوں کو دور کریں گے۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے کہا ہے شاہراہ دستور پر آباد ’’خیمہ بستی‘‘ کو نہ چھیڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار نے نوائے وقت کو بتایا کہ اس وقت بھی دھرنے میں ڈیڑھ ہزار خواتین ہیں 800 افراد تربیت یافتہ ہیں جو کسی وقت بھی حکومت کے لئے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں ۔