عمران سے کہا تھا ارکان سے استعفے نہ لیں اور ڈی چوک آجائیں: جاوید ہاشمی
ملتان (جنرل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عمران خان سے کہا تھا کہ اپنے منتخب ارکان سے استعفے نہ لیں یہ واپس لے لیں گے اور ڈی چوک پر واپس آ جائیں لیکن وہ نہ مانے۔ آج وقت نے میری بات ثابت کر دی ہے اور اکیلا جاوید ہاشمی استعفیٰ دے کر واپس اپنے حلقے میں آ گیا ہے۔ میڈیا گروپ کے احتجاج کے موقع پر اظہار یکجہتی کے بعد میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ ملتان میں جب بھی صحافیوں پر کڑا وقت آیا ہے انہوں نے صحافیوں سے ہمیشہ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ان کے حقوق‘ روزگار اور آزادی کے تحفظ کے لئے ہمیشہ آواز اٹھاتا رہا ہوں تاہم میڈیا ہاؤسز کی پالیسیوں سے اختلاف بھی رہا ہے۔ ایک نجی چینل پر جب آئی ایس آئی کے خلاف آٹھ گھنٹے تک مہم چلائی گئی تو ان سے شدید اختلاف کیا تھا۔ بحیثیت سیاسی ورکر آج بھی صحافیوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ہم نے مل کر آپ کی آواز کو مضبوط بنانا ہے۔ حکمران میڈیا کی آواز دبانے کی بجائے اپنے مزاجوں میں نرمی لانے سمیت خود میں برداشت پیدا کریں۔ 40 سال سے سیاست کر رہا ہوں، کسی بھی غلط کام کی حمایت نہیں کی، ہمیشہ کھل کر اختلاف کیا ہے۔ چینی صدر کے دورے کی منسوخی بدقسمتی ہے۔ اس وقت پورا ملک ایک عذاب سے دوچار ہے۔ حکمران سیلاب متاثرین کے ساتھ فوٹو سیشن کی بجائے ان کے دکھوں اور زخموں پر مرہم رکھیں۔ حکومت ان کا مداوا نہ کر پائی تو افسوسناک ہو گا۔ ایک سوال پر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ بس اسی پر اکتفا کریں وگرنہ پنڈورا بکس کھل جائے گا۔