قومی کرکٹرز نے فٹنس معیار 50 فیصد حاصل کر لیا : محمد اکرم
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قومی کرکٹرز کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ مکمل ہونے پر نیشنل کر کٹ اکیڈ می کے ہیڈ کوچ اور قومی سلیکٹر محمد اکرم نے قذافی سٹیڈیم میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے بین الاقوامی فٹنس معیار 50 فی صد تک حاصل کر لیا جو خوش آئندبات ہے چار ماہ قبل ہو نے والے ٹیسٹ میں کھلاڑیوں نے 28فی صد تک فٹنس لیول حاصل کیا تھا۔کپتان مصبا ح الحق اور سابق کپتان یونس خان نوجوان کھلاڑیوں کے لئے مشعل راہ ہیں، تمام کھلاڑیوں کے ٹیسٹ آن کیمرہ لئے گئے۔ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑی اگر فٹنس کے معیار پر پورا نہیں اترے تو ان کی سینٹرل کنٹریکٹ کی فیس کا 25فی صدکاٹ لیا جائے گا جبکہ لیول فور کی فٹنس حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کی فیس کا دس فی صد اضافی دیا جائے گا۔ محمد اکرم نے کہا کہ مصبا ح الحق کی خراب کارکردگی کا ان کے وزن کے کم ہونے سے کوئی تعلق نہیں۔ برا وقت ہر بلے باز پر آتا ہے۔ ویرات کوہلی جیسا بلے باز بھی مشکل وقت سے گذر رہا ہے اس لئے ہر کھلاڑی کے کیرئیر میں اتار چڑھاﺅ آتا رہتا ہے۔